گال : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں سعود شکیل کی ڈبل سنچری کی بدولت قومی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
تیسرے دن کا کھیل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 461 رنز بنا لیے ہیں اور قومی ٹیم کو سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔
گال ٹیسٹ کے تیسرے روز دن کے آغاز پر سعود شکیل نے سنچری مکمل کی جبکہ آغا سلمان 83 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے، سعود شکیل 361 گیندوں پر 208 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، نسیم شاہ 78 بالز پر 6 رنز جبکہ ابرار احمد 12 بالز پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کیخلاف سعود شکیل نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی جس کے بعد وہ پہلی 11 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بن چکے ہیں اور ساتھ ہی سری لنکا میں کسی بھی پاکستان بیٹر کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی جڑ دیا۔
سعود شکیل نے جب 197 رنز بنائے تو انہوں نے محمد حفیظ کو پیچھے چھوڑا، بعد ازاں ڈبل سنچری اسکور کرکے سعود شکیل سری لنکا میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلی پاکستانی بیٹر بن گئے۔ مڈل آرڈربیٹرنے 352 گیندوں پر 19 چوکوں کی مدد سے ڈبل سنچری اسکور کی۔ یہ سعود شکیل کے کیریئرکی پہلی ڈبل سنچری ہے۔
سری لنکا آج اپنی دوسری اننگز کا 14 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کرے گی سری لنکا کو اب بھی پاکستان کی 135 رنز کی برتری ختم کرنی ہے۔
پیر کے روز دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے سکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
دوسری جانب پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، عبداللہ شفیق 19 ، امام الحق 1، کپتان بابر اعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے اور شان مسعود نے 39 رنز سکور کیے۔
بعدازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 221 تک پہنچا دیا جبکہ گزشتہ روز بھی بارش کے سبب میچ روکنا پڑا تھا۔
گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز سکور کیے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2 مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔
کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔