کیا تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے فیصلے سے یوٹرن لے لیا؟

سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوریت کے لیے اپنی جدوجہد بھی جاری رکھے گی۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ ان کی پارٹی چاہتی ہے کہ مالیاتی نظم و ضبط، گڈ گورننس اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ روابط جاری رکھنے چاہیئں جو پاکستانی عوام کی خوشحالی کے لیے ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا، بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آئی ایم ایف کو ایک خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے کہ جب تک دھاندلی کی تحقیقات نہیں ہو جاتی ہیں تو آئی ایم ایف پاکستان کو فنڈ ریلیز نہ کرے۔

گزشتہ روز کے اس بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی ظفر نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لیے پاکستان ہمیشہ اول و آخر رہے گا اور تحریک انصاف ملکی مفاد اور قومی مفاد میں اس سمت میں اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف جمہوریت کے لیے اپنی جدوجہد بھی جاری رکھے گی، تمام فورمز پر اپنی آواز بلند کرے گی اور عالمی برادری کی حمایت کی توقع رکھے گی۔

More Stories
آڈیو لیکس کیس : سپریم کورٹ نے پی ڈی ایم حکومت کے اعتراضات مسترد کر دیئے