پی ایس ایل سیزن 9: افتتاحی تقریب میں کون سے فنکار آئیں گے؟

پاکستان سپر لیگ کے 9ویں ایڈیشن کے لیے غیرملکی کھلاڑیوں کا پاکستان پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگی جس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پی ایس ایل کے آفیشل ہینڈل کی جانب سے اس شاندار تقریب کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

17 فروری کو ہونے والی اس افتتاحی تقریب کا آغاز شام 06:30 بجے ہوگا جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شائقین کرکٹ کی آمد کا سلسلہ دوپہر 03:30 بجے شروع ہوجائے گا۔

افتتاحی تقریب میں گلوکار علی ظفر، آئمہ بیگ، عارف لوہار اور نوری پرفارم کریں گے۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو ریلیز پونے والا پی ایس ایل 9 کا ترانہ گلوکار علی ظفراور آئمہ بیگ نے ہی پیش کیا ہے۔

اس کے علاوہ افتتاحی تقریب کے اختتام پر آتش باری کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا اور لیزر شو کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جو آسمان پر روشنی بکھیر دے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کے بعد 17 فروری کو پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائےگا۔

پی ایس ایل 9 کا انعقاد چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوگا جبکہ فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

More Stories
ملک بھر میں عام انتخابات کیلیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے