سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک پہلی بار پاکستان سپر لیگ کی کمنٹری ٹیم میں شامل

سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کمنٹیٹر کی حیثیت سے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 میں ڈیبیو کریں گے۔

سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کمنٹیٹر کی حیثیت سے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 میں ڈیبیو کریں گے۔ وہ سٹار کرکٹرز پر مشتمل پی ایس ایل کمنٹری پینل میں شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری اعلامیہ کے مطابق غیر ملکی کمنٹیٹر کے روسٹر میں ایان بشپ بھی شامل ہیں، ان کے ساتھ ڈینی موریسن، سائمن ڈول، پومی ایم بنگوا، مارک بوچر، ڈومینک کارک اور مائیک ہیزمین شامل ہیں۔

بشپ 2017ء کے سیزن کے بعد دوسری بار ایچ بی ایل میں واپس آئیں گے۔ موریسن مقامی شائقین میں ایک جانا پہچانا نام ہے اور ٹورنامنٹ میں ایک باقاعدہ آواز ہے جبکہ سائمن ڈول نہ صرف ایچ بی ایل پی ایس ایل بلکہ مختلف بین الاقوامی سیریز کے لیے بھی پاکستان کے دورے کر چکے ہیں۔ ایم بنگوا 2022 ء ایڈیشن کے بعد دوبارہ آرہے ہیں، جبکہ بوچر، کارک اور ہیز مین بھی پی ایس ایل کے معروف نام ہیں۔

پاکستانی کمنٹیٹرز میں رمیز راجہ ، وقار یونس، بازید خان اور عامر سہیل کے ساتھ ساتھ عروج ممتاز، ثنا میر اور مرینہ اقبال شامل ہیں۔ طارق سعید اور علی یونس اردو کمنٹری کریں گے۔

ایرن ہالینڈ اور زینب عباس ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے دوران پریزنٹر ہوں گی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل پروڈکشن اس سیزن میں بھی نشریات کے اپنے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔ بگی کیم سمیت کل 30 ہائی ڈیفینیشن کیمرے دنیا بھر میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے شائقین کے لیے اعلی معیار کا ایکشن فراہم کریں گے۔

سپائیڈر کیم کو مائیکروفون اور اسپیکر کی بہتری کے ساتھ بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ میچوں کے دوران فیلڈ میں کھلاڑیوں کے انٹرویوز بھی ہو سکیں۔ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی پورے ایونٹ میں دستیاب ہو گی جبکہ اسٹریمنگ کے معیار میں اضافہ کرنے کے لیے ڈرون کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔

شائقین کو میچوں کے دوران سکرین گرافکس میں تبدیلی نظر آئے گی جس میں آگمنٹڈ رئیلٹی گرافکس اور پلیئر ویڈیو ہیڈ شاٹس شامل ہیں۔

More Stories
سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس