پی ایس ایل کے پر امن انعقاد کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل ہوگئے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 ایڈیشن 2024 کے میچز کے لیے پولیس نے سیکیورٹی اور ٹریفک کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں، پنجاب میں میچز پر 20 ہزار سے اہلکار ڈیوٹی دیں گے، میچز کے دوران سیکیورٹی اور ٹریفک کے فول پروف اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ پولیس ٹیمیں لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز اور کرکٹ شائقین کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ پنجاب میں میچز کے دوران سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے لیے 20 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

آئی جی نے میچز کے دوران فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں، راستوں اور اسٹیڈیم کے ارد گرد سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن جاری رہیں گے۔ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے اسٹیڈیم، ہوٹلوں اور ٹیموں کے راستوں کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت جاریی کیں کہ وہ میچوں سے قبل ٹریفک ایڈوائزری جاری کریں تاکہ شہریوں میں آگاہی اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔ انہوں نے سڑکوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی، میچز کے دوران مناسب پارکنگ اور ٹریفک پلان پر عمل درآمد پر زور دیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ شائقین کرکٹ میچز سے لطف اندوز ہونے کے لیے پولیس کی ہدایات پرعمل کریں، اور سیکیورٹی کے حوالے سے بھرپور تعاون فراہم کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہوگا، ابتدائی مرحلے کے میچز لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

More Stories
انسداد دہشتگردی کا مریم اورنگزیب کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم