کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا پیپلزپارٹی کیلئے اچھا نہیں ہوگا، حافظ نعیم الرحمان

کراچی : جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا پیپلز پارٹی کیلئے اچھا نہیں ہوگا، میئر کا الیکشن ایک رسمی الیکشن ہونا چاہیے، جماعت اسلامی سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 15 جنوری سے ہی کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کا آغاز ہوگیا تھا، میئر کراچی کے انتخاب سے پہلے بلدیاتی نمائندوں کو اغوا کیا گیا ہے، اقلیتی نشست پر منتخب پی ٹی آئی کے اقلیتی نمائندے کے گھر پر بھی چھاپا مارا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ہمیں ووٹ دیئے ہیں، منتخب نمائندوں کو محفوظ طریقے سے ایوان میں پہنچانے کا انتظام کرلیا ہے، کراچی کے لوگ پیپلز پارٹی سے نفرت کرتے ہیں، ہم 9 ٹاؤن بدترین دھاندلی کے باوجود جیت چکے ہیں، کیا وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے ہمارا میئر آئے گا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کو گرفتار اور اغوا ہی کرنا ہے تو مجھے ہی گرفتار کرلیں، الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے، الیکشن کمیشن کو پتا نہیں چلتا کہ یہ کیا ظلم ہورہا ہے۔

More Stories
جسٹس مسرت ہلالی نے بطور سپریم کورٹ جج عہدے کا حلف اٹھالیا