File photo of Prime Minister Imran Khan

آئی ایم ایف کو خط میں لکھ دیا ہے، قرض دیا تو اتارے گا کون: عمران خان

بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حالات میں اگر پاکستان کو قرضہ ملے گا تو واپس کون کرے گا؟

کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے اور آج وہ خط چلا گیا ہوگا۔ خط لکھنے سے متعلق انہوں نے وضاحت کی کہ سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے، اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا۔

بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ان حالات میں پاکستان کو ملنے والے قرضے سے ملک میں غربت بڑھے گی اور جب تک پاکستان میں سرمایہ کاری نہ آئی قرض بڑھتا جائے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا، عدالتیں، نیب سب کچھ تباہ کیا گیا تاکہ نواز شریف کو سلیکٹ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو لانے کے لیے پہلے مجھے زیرو کیا گیا اور پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گئی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جب اس ساری دھاندلی سے متعلق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے دھاندلی کی تصدیق کی تو اس کو غائب کرکے تشدد کیا اور پھر اب سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کردیا گیا۔

More Stories
حافظ نعیم الرحمان نے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے نتائج کو مسترد کر دیا