گال ٹیسٹ کا پہلا روز ختم، سری لنکا کے 242 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ

گال : قومی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے گال ٹیسٹ کا پہلا روز ختم ہوگیا، سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا لئے۔

سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کے خلاف سری لنکا کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری تھی جب نشان مدوشکا کو 4 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا تھا، اس وکٹ کے ساتھ شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔

بارش کے وقفے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوتے ہی شاہین آفریدی نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کر لی، انہوں نے کوشال مینڈس کو 12 رنز پر آؤٹ کیا، تیسری وکٹ بھی شاہین شاہ آفریدی کے حصہ میں آئی، شاہین نے کرونارتنے کو 29 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کیلئے چوتھی وکٹ 54 کے سکور پر نسیم شاہ نے حاصل کی جب انہوں نے دنیش چندیمل کو 1 رن پر کیچ آؤٹ کرایا، سابق کپتان اینجیلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے 131 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا تاہم میتھیوز 64 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔

میچ آخری سیشن میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ آغا سلمان کے حصے میں آئی جس نے سدیرا سمارا وکرما کو 36 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دھننجایا ڈی سلوا 94 رنز کی اننگز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

More Stories
جو کچھ ہوا ، بُرا ہوا، تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، غلام سرور خان