پاکستان کے تحفظات مسترد، آئی سی سی نے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا شیڈول جاری کر دیا

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے تحفظات مسترد کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔ون ڈے ورلڈ کپ 2023، 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا آغاز دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا میچ 5 اکتوبر کو نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کوالیفائر کے ساتھ 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کھیلے گا، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 10 مقامات پر کھیلا جائے گا، ورلڈ کپ میں شامل 10 ٹیمیں 9،9 میچ کھیلیں گی۔
ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق میزبان بھارت اپنا پہلا میچ 8 اکتوبر کو ورلڈ کپ کی 5 بار فاتح ٹیم آسٹریلیا کے خلاف چنائے میں کھیلے گا۔بنگلا دیش اور افغانستان 7 اکتوبر کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گے، 7 اکتوبر کو ہی ساؤتھ افریقا کوالیفائر 2 کے ساتھ اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 12 اکتوبر کو کوالیفائر 2 کے ساتھ حیدر آباد میں کھیلے گا۔پاکستان کا تیسرا میچ 15 اکتوبر کو بھارت کے ساتھ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، پاکستان اپنا چوتھا میچ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ بینگلور میں کھیلے گا۔پاکستان کا پانچواں میچ 23 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف چنائےمیں کھیلا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق پاکستان ساؤتھ افریقا کے ساتھ اپنا چھٹا میچ 27 اکتوبر کو چنائے میں ہی کھیلے گا۔31 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ بنگلادیش کولکتہ میں ٹاکرا ہو گا۔نیوزی لینڈ 4 نومبر کو بینگلورو میں پاکستان کے مدمقابل آئے گا۔
پاکستان اپنا نواں میچ انگلینڈ کے ساتھ 12 نومبر کو کولکتہ کھیلے گا۔
پاکستان نے ورلڈ کپ شیڈول سے پہلے اپنے کچھ میچز پر تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن آئی سی سی نے پاکستان کے تمام تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان کردیاہے۔
15 نومبر کو ممبئی میں ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کھیلا جائے گا جبکہ 16 نومبر کو دوسرا سیمی فائنل ہو گا۔
ورلڈکپ فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ شیڈول ممبئی میں خصوصی تقریب کے دوران جاری کیا گیا، شیڈول آئی سی سی 100 دن کے کاؤنٹ ڈاؤن کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے

More Stories
کشمیر اور گلگت بلتستان کا جو حصہ ہمارے پاس ہے وہاں ریفرنڈم کروا لیں، قاضی فائز عیسیٰ