عمران ریاض خان گرفتار, ضلع کچہری لاہور میں پیش کردیا گیا

یوٹیوبر عمران ریاض خان کو گرفتار کرنے کے بعد لاہورکی ضلع کچہری میں پیش کر دیا گیا۔

صحافی و یوٹیوبر عمران ریاض خان کو گرفتاری کے بعد لاہور کی ضلع کچہری میں پیش کر دیا گیا، عمران ریاض خان کو جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کے روبرو پیش کیا گیا۔ عمران ریاض نے ایک گھنٹہ عدالت کے روبرو دلائل دیے۔

تفصیلات کے مطابق عمران ریاض کی گرفتاری اینٹی کرپشن نے ڈالی ہے، عمران ریاض اور انکے والد پر تھرابی جھیل کا ٹھیکہ اونے پونے داموں لینے کا الزام ہے۔ عمران ریاض نے عدالت میں موقف اپناتے ہوئے کہا کہ جس ٹھیکے کا کہہ رہے ہیں کہ اونے پونے داموں لیا جھوٹ بول رہے ہیں۔ تھرابی جھیل کا گزشتہ ٹھیکہ 1 کروڑ 10 لاکھ کا تھا۔ لیکن ہم نے یہ ٹھیکہ 4 کروڑ سے زائد کا لیا۔

اس سے قبل معروف یوٹیوبر و صحافی عمران ریاض خان کو نامعلوم افراد کی جانب سے ایک بار پھر گرفتار کیا گیا، ذرائع کے مطابق عمران ریاض کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے۔

عمران ریاض خان کے بھائی یوسف خان نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ڈیفنس روڈ پر واقع سوسائٹی میں گھر سے نامعلوم مسلح افراد نے حراست میں لیا اور اپنے ہمراہ لے کر روانہ ہوگئے۔

عمران ریاض کی گرفتاری کے حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیو کے مطابق کارروائی میں 4 گاڑیاں شامل تھیں۔ بھائی یوسف کا کہنا تھا کہ 15 سے زائد گاڑیوں پر سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد گھر کے اندر گھسے اور عمران ریاض کو گرفتار کرکے لے گئے۔

یوسف خان کے مطابق نا معلوم افراد گھر سے لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان بھی ساتھ لے گئے، اور گرفتاری کی وجہ نہیں بتائی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی عمران ریاض خان متعدد بار گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ وہ ایک لمبے عرصے کے لیے لاپتہ بھی رہے ہیں، تاہم اب وہ دوبارہ صحافت میں  سرگرم نظر آرہے تھے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ججز کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر صحافی اور اینکر پرسن عمران ریاض اور اسد طور کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آج طلب کر رکھا ہے۔

اسد طور کو سائبر کرائم اسلام آباد جبکہ عمران ریاض کو سائبر کرائم لاہور میں آج دوپہرکو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔

More Stories
مارشل لا لگا تو مداخلت کریں گے:چیف جسٹس،فوجی عدالتوں میں ٹرائل پرحکم امتناع کی استدعا مسترد