12ویں فیل: بالی ووڈ ستارے بھی مداح، عالیہ اور دیپیکا نے تو تعریفوں کے پل باندھ دیے

فلمساز ودھو ونود چوپڑا کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم 12ویں فیل کو مداحوں اور بالی ووڈ ستاروں کی جانب سے بھی کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ اداکارہ دیپیکا پڈوکون بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں اور اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر عالیہ بھٹ کے ریویو کو ری پوسٹ کیا اور فلم کی پوری کاسٹ کو مبارک باد پیش کی۔

دیپیکا پڈوکون نے اداکارہ عالیہ بھٹ کی جانب سے انسٹاگرام پر کیے گئے ریویو کو اپنی اسٹوری پر ری پوسٹ کیا، اور لکھا کہ وہ عالیہ کے کیے گئے تبصرے کے ساتھ اتفاق کرتی ہیں، انہوں نے پوری کاسٹ اور عملے کو مبارک باد بھی پیش کی۔

اس سے قبل عالیہ بھٹ نے اپنی اسٹوری پر فلم 12ویں فیل کی تعریفوں کے پل باندھے تھے، انہوں نے لکھا تھا کہ ابھی تک دیکھی جانے والی خوبصورت فلموں میں سے ایک یہ ہے، اس طرح کی شاندار پرفارمنس پہلے نہیں دیکھی، اداکار وکرانت میسی کی بھی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ آپ اتنے شاندار تھے کہ میں حیران ہوں۔

انہوں نے فلمساز ودھو ونود چوپڑا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ یہ فلم واقعی ہر جگہ ہٹ گئی ہے، اتنی متحرک، اتنی متاثر کن اور اتنی مکمل فلم دیکھنے کے بعد پوری کاسٹ اور عملے کے لیے دل سے محبت پھوٹ رہی ہے۔

ودھو ونود چوپڑا کے زیر اہتمام بننے والی فلم ایک طالبعلم کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، کہ غریب گھرانے سے اٹھ کر کس طرح ایک افسر بن جاتا ہے، اس دوران اس کو کتنی محنت کرنا پڑتی ہے اور کتنی سختیاں جھیلنی پڑتی ہیں۔ یہ حقیقی زندگی کے تجربات پر مبنی ہے۔ اس فلم کو مقابلے کے امتحانات میں کامیابی کی کوشش کرنے والے لاکھوں طلباء کی سخت جدوجہد سے اخذ کیا گیا ہے۔

فلم پر کام کرنے کے بارے میں وکرانت میسی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ودھو ونود چوپڑا کی یہ فلم حقیقت پر مبنی اور ایک بہت ہی مشکل فلم ہے۔ عام سی کہانی پر مبنی یہ کردار بہت چیلنجنگ تھا، اس کے لیے اپنا وزن بھی کم کرنا پڑا۔

اس سے قبل ہرتیک روشن، کنگنا رناوت، کترینہ کیف، سنجے دت، انیل کپور، فرحان اختر، جیسے نامور اداکاروں نے بھی فلم ’12ویں فیل‘ کو دیکھنے کے بعد اس کی کافی تعریف کی۔

واضح رہے فلم 12ویں فیل کی کہانی حقیقی زندگی کے آئی پی ایس (انڈین پولیس سروس) افسر منوج کمار شرما کی زندگی پر مبنی ہے۔ اس فلم میں کام کرنے والے لیڈ کیریکٹرز کو نئے نئے پراجیکٹس کی آفر آرہی ہیں تاہم مستقبل میں اس طرح کے نئے ہراجیکٹ بھی دیکھنے کو ملیں گے جو حقیقی زندگی پر مبنی ہوں گے۔

More Stories
عثمان مرزا سمیت پانچ مجرموں کی عمر قید کی سزائیں برقرار