الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کی سیکیورٹی کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، جس کے مطابق سیکیورٹی اہلکار تمام پولنگ اسٹیشنز کی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے، اور سیکیورٹی اہلکار پر امن ماحول کو یقینی بنائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کی سیکیورٹی کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں پر بیلٹ پیپرز کی باحفاظت نقل و حرکت کو پہنچانے کی ذمہ داری ہوگی، سیکیورٹی اہلکار صاف شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیکیورٹی اہلکار پریزائڈنگ آفیسر کو سیکیورٹی فراہم کریں گے، اور پولنگ بیگز کو پولنگ اسٹیشنز سے ریٹرننگ آفسرز کے آفس تک باحفاظت پہنچائیں گے۔ تمام دستاویزات کی حفاظت خاص طور پر الیکشن رزلٹس کو متعلقہ جگہ پہنچانے کے فرائض بھی انجام دیں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق بیلیٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ کارپوریشنز کی سیکیورٹی کے لیے اہلکار تعینات کیے جائیں گے، بیلیٹ پیپرز کی ریٹرننگ افسران تک ترسیل پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے، ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز تک بیلیٹ پیپرز کی ترسیل بھی سیکیورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں ہوگی۔ انتخابی مواد کی ترسیل، پولنگ، گنتی اور نتائج مرتب ہونے تک سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن میں قیام امن کی ذمہ داری پریزائڈنگ افسر کی سربراہی میں سیکیورٹی اہلکاروں کی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق میں واضح کیا کہ سیکیورٹی اہلکار قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دینے کے پابند ہوں گے، فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برتنے پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق سیکیورٹی اہلکار انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے، سیکیورٹی اہلکار کسی جماعت یا امیدوار کے حق یا مخالفت میں کام نہیں کرے گا۔ سیکیورٹی اہلکار کسی ووٹر سے اس کی شناخت کا ثبوت نہیں مانگے گا، کسی ووٹر کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا، سیکیورٹی اہلکار کسی صورت پولنگ عملہ کے فرائض انجام نہیں دے سکتا۔کوئی سیکورٹی اہلکار انتخابی مواد کو اپنی تحویل میں نہیں لے سکتا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کو ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے حضرات کے ساتھ انتہائی مناسب رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کسی بھی ووٹر کو بغیر چیکنگ کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں کے فرائض میں شامل ہے کہ تمام ووٹرز کو مکمل طریقہ کار کے ساتھ لائنوں میں کھڑا کیا جائے گا، کسی بھی قسم کی مشکوک حرکت یا شخص کی نشاندہی پر پریزائڈنگ افسر کی اجازت کے بعد فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پریزائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر اہلکار کسی شخص کو پولنگ اسٹیشن سے گرفتار نہیں کر سکتا۔سیکیورٹی اہلکار کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے بحث نہیں کرے گا۔
واضح رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پولیس اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے لیے الگ ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے گا۔

More Stories
آسٹریلیا چوتھی دفعہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کا چیمپئن بن گیا