اسلام آباد : سپریم کورٹ نے بلے کے نشان کیخلاف الیکشن کمیشن کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔ دیگر ججز میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے آج ہی پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ درخواست میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے خلاف ہے۔
گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس پر سماعت میں دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے پارٹی سرٹیفیکیٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع نہ کرنے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کردی۔
تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ممبران الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔