اسلام آباد : پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کا متواتر کہنا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے، کرکٹ ٹیم کو عالمی کپ 2023ء میں شرکت کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے بھارت سے دوطرفہ تعلقات کو عالمی کھیلوں کے بارے میں ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے، پاکستان کا فیصلہ تعمیری اور ذمہ دارانہ رویے کا عکاس ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے متعصبانہ رویے کی وجہ سے ایشیاء کپ کیلئے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا تھا، پاکستان کو اپنی کرکٹ ٹیم کی سلامتی کے بارے میں گہری تشویش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے خدشات بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور بھارتی حکام تک پہنچا رہا ہے، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔