کوئٹہ میں نامعلوم افراد کے دو حملوں میں تین پولیس اہلکار شہید

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملوں میں اب تک تین پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں پر یہ دوسرا حملہ تھا- دونوں حملوں میں مجموعی طور پر تین اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

ایس پی سٹی شفقت جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ہزارہ ٹاؤن سے ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اسپنی روڈ پر بے نظیر پل کے قریب حملہ کیا۔ مارے جانے والے پولیس اہلکارکی شناخت جواد احمد کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق ہزارہ قبیلے سے تھا۔

ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے محرکات کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

گدشتہ روز نواں کلی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔

نواں کلی میں مارے جانے والے دونوں پولیس اہلکاروں کا تعلق بھی ہزارہ قبیلے سے تھا۔ کوئٹہ پولیس کے ایک اور سینیئر اہلکار نے بتایا کہ ان واقعات کے بارے میں مختلف پہلوؤں سے تحقیقات ہو رہی ہیں تاہم بظاہر یہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہیں۔

More Stories
نیب نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کر دیا