سائفر جیسا جھوٹا ڈرامہ رچانے والوں کو ہر صورت سزا ہونی چاہیے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہاکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ذاتی مفاد کے لیے کھیل کھیلا اور سائفر کو پبلک کرنے کا جرم کیا، سائفر مانگنے پر کہاکہ سائفر گم ہوگیا ہے، عمران خان کو اس جرم میں ہر قیمت پر سزا ملنی چاہیے، اور شاہ محمود قریشی بھی اس جرم میں پوری طرح ملوث ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا بیان ثابت کرتا ہے کہ عمران خان نے جان بوجھ کر سائفرکو پبلک کیا، اعظم خان کے منع کرنے کے باوجود سائفر پبلک کیا گیا، پاکستان کے مفاد سے کھیلنے والوں نے خود آکر اپنے کارناموں کا خود اعتراف کر لای ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہاکہ اعظم خان کے بیان کے مطابق سائفر گم نہیں ہوا ابھی بھی عمران خان کے پاس ہے، ایک خفیہ سرکاری دستاویزات کو اپنے پاس رکھنا جرم ہے، اسی جرم کے ارتکاب پر امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کارروائی ہوئی ہے۔اعظم خان کے اس بیان سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ملک کا اصل میر جعفر کون تھا، جس نے اس ملک کے اداروں کے خلاف سازش کی اور گھناؤنا کھیل کھیل کراس ملک کی معیشت کو تباہ کرتے ہوئے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک ایسا شخص جو ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو قربان کر سکتا ہے، وہ 9 مئی کے واقعات بھی کر سکتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اداروں اور ملک کے خلاف جو سازش کی اس سے ثابت ہوتا ہے کہ 9 مئی بھی اسی سازش کا تسلسل ہے۔ 9 مئی کو ہمارے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔

More Stories
وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے، بیرسٹر گوہر