باجوڑ دھماکہ:مزید 3 زخمی دم توڑگئے، جاں بحق افراد کی تعداد 54

پشاور : باجوڑ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے دھماکے کے مزید تین زخمیوں کے دم توڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 90 سے زائد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔سرکاری دستاویزات کے مطابق باجوڑ دھماکے میں شہدا کی تعداد 54 ہوگئی ہے جس میں سے 49 افراد کی شناخت ممکن ہو سکی ہے جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 83 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج جن میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس نے اس حوالے سے بتایا کہ جے یو آئی کا جلسہ دوپہر 2 بجے شروع ہوا اور دقھماکا 4 بجکر 10 منٹ پر ہوا۔انہوں نے بتایا کہ موقع سے بال بیرنگ وغیرہ ملے ہیں، دھماکا خود کش تھا اور حملہ آور گروپ کی شناخت ہوئی ہے، دھماکہ میں کوئی خاص ٹارگٹ تھا۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے بہت سارے شواہد ملے ہیں، ابتدائی انکوائری میں ملزمان تک تقریبا پہنچ چکے ہیں، فرانزک رپورٹس کا انتظار ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں باجوڑ دھماکے کے 16 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے بیشترکی حالت تسلی بخش ہے اور ایک زخمی آئی سی یو میں ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا کہ ورکرزکنونشن میں خودکش دھماکے والی جگہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جو ڈی این اے کے لیے بھجوا دیئے ہیں، جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کی گئی ہے۔بم ڈسپوزل یونٹ نے دھماکے کی جگہ سے نمونے حاصل کرلیے، دھماکے والی جگہ اور اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہیں جس کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔

More Stories
ڈی آئی خان میں دہشتگردی، افغان ناظم الامور کی طلبی، شدید احتجاج