اسلام آباد : پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل1 منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے پاگئے۔ایم ایل1 منصوبے پر دستخط اگست کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت ایم ایل ون منصوبے پر 6 ارب 50 کروڑ ڈالرز لاگت آئے گی۔ منصوبہ کی لاگت ساڑھے 8 ارب ڈالرز سے کم کرکے ساڑھے 6 ارب ڈالرز کی گئی ہے۔ منصوبے کی کل لاگت کا 15 فیصد پاکستان مہیا کرے گا۔ پاکستان کی طرف سے منصوبے کی لاگت کم کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور1733کلومیٹر ریلوے ٹریک اپ گریڈ اوردورویہ کیا جائے گا۔ریلوے ٹریک کے ساتھ سگنلز اور ٹیلیکام کا جدید ترین نظام نصب کیا جائے گا۔ابتدائی طور پر منصوبے کے تحت پشاور سے کراچی کے درمیان ٹریک پر ریل گاڑیاں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جائیں گی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ منصوبے کی لاگت کم کرنے کے لئے مکمل ٹریک کے گرد باڑ لگانے کا پروگرام موخر کردیا گیا ہے۔ صرف آبادی والے علاقوں میں ریلوے ٹریک کے گرد باڑ لگائی جائے گی۔ منصوبے میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلے مرحلہ میں صرف ایسے پھاٹک ختم کئے کرکے اوورہیڈبرجز بنائے جائیں گے جہاں آبادی ہوگی۔
ایم ایل ون کے فریم ورک پر پاکستان اور چین نے مئی2017 میں دستخط کئے تھے۔ایکنک نے منصوبے کے پی سی ون کی اگست2020 میں منظوری دی تھی۔