پنجاب میں یکم اگست تک طوفانی بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ

لاہور : قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم اگست تک طوفانی بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں طوفانی بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بارشوں سےدریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔بلوکی ہیڈ پر پانی کی آمد 60٫045 اور اخراج 47245 ہے۔ دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر 41 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔ شاہدرہ کے مقام سے 32 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔‘

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تونسہ اور گڈو کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 419895 اور اخراج 419895 ہے۔ تربیلہ چشمہ اور کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 84 ہزار 430 کیوسک ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے یقینی دہائی کرائی ہے کہ پنجاب کی تمام ڈویژنل انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔انہوں نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔ عوام دریاؤں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

More Stories
سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے فوجی عدالتوں کیخلاف فیصلے پر اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں