ایمرجنگ ایشیا کپ:پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو ہرا کر ٹائٹل جیت لیا

پاکستان شاہینز نے ایمرجنگ ایشیا کپ جیت کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔اتوار کے روز کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان شاہینز نے انڈیا اے کو 128 رنز سے شکست دیدی۔انڈیا اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے جس کی خاص بات طیب طاہر کی سنچری تھی۔ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔جواب میں انڈیا اے 40 اوورز میں 224 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے اپنی ٹیم کو121 رنز کا شاندار آغاز دیا۔ صائم ایوب 51گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 62گیندوں پر 65رنز اسکور کیے جس میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

عمیر بن یوسف چار چوکوں کی مدد سے 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ قاسم اکرم پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان محمد حارث بھی صرف2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اسطرح پاکستان شاہینز کی 4 وکٹیں اسکور میں محض 41 رنز کے اضافے پر گرگئیں۔ اس مرحلے پر طیب طاہر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے اسکور کو 313 تک پہنچادیا۔

طیب طاہر نے اپنی سنچری صرف 66 گیندوں پر مکمل کی اور 71 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے12 چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 108 رنز اسکور کیے۔یہ ان کی لسٹ اے ون ڈے میچوں میں چوتھی سنچری ہے۔

انہوں نے مبصرخان کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز کا اضافہ کیا۔ مبصر خان نے 35 رنز بنائےجس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

انڈیا اے کی طرف سے ہنگرگیکر اور پراگ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔انڈیا اے کی اوپنرز ابھیشیک شرما اور سائی سدھرسن نے 64 رنز کا اسٹارٹ دیا۔پاکستان شاہینز کے خلاف گروپ میچ میں سنچری بنانے والے سدھرسن 29 رنز بناکر ارشد اقبال کی گیند پر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ابھیشیک شرما 61 رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر طیب طاہر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

سفیان مقیم نے ایک اور اہم کامیابی کپتان یاش ُدھل کو آؤٹ کرکے حاصل کی جنہوں نے 39 رنز بنائے۔پاکستان بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں انڈیا اے کی وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میچ پر پاکستان شاہینز کی گرفت مضبوط کردی تھی۔سفیان مقیم نے66 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ مہران ممتاز محمد وسیم جونیئر اور ارشد اقبال نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

طیب طاہر کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

More Stories
عمران خان الیکشن نہیں لڑ رہے، بیرسٹر علی گوہر کو پارٹی کا نگران چیئرمین نامزد کر دیا گیا