حکومت کا الیکشن ایکٹ میں ترامیم کرکے نگران وزیراعظم کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کرکے نگران وزیراعظم کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی حکومت الیکشن ایکٹ 2017 میں مزید ترامیم پر غور کررہی ہے۔ الیکشن ایکٹ کی شق 230 میں ترمیم کیلئے قانونی ماہرین کی مشاورت شروع کردی۔

الیکشن ایکٹ میں ترامیم ،کرکے نگران وزیر اعظم کو مزید بااختیاربنایا جائے گا۔ سیکشن 230 نگران وزیر اعظم کو صرف روز مرہ امور نمٹانے کا اختیار دیتا ہے۔

مذکورہ ایکٹ میں ترمیم کرکے نگران وزیراعظم کو اہم معاملات پر فیصلہ سازی کا اختیار دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ مجوزہ تجاویز پر اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں میں لیا جائے گا۔

نگران وزیر اعظم کیلئے مسلم لیگ ن کے حلقوں میں سنیٹر اسحاق ڈار کا نام زیر غور ہے۔ نگران وزیر اعطم کیلئے کئی دیگر سینئر سیاستدانوں کے نام بھی زیر غور ہیں۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی، سید نوید قمر، خورشید شاہ کمیٹی میں شامل ہیں۔ سینئر پی پی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔کمیٹی ن لیگ، جے یو آئی، ایم کیو ایم، اتحادیوں سے رابطے کرے گی۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی اسمبلی مدت، نگران وزیراعظم پر دیگر جماعتوں سے مشاورت کرے گی،مذاکراتی کمیٹی پیپلزپارٹی قیادت سے براہ راست رابطے میں رہے گی۔

More Stories
سادہ لوح غریب شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیا جاتا ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال