غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو نوٹس

اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دے دیا۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو 20 جولائی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج قدرت اللہ نے 9 صفحات پر مشتمل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے۔جس کے مطابق درخواست گزار کے مطابق بشریٰ بی بی کا دوران عدت چیرمین پی ٹی آئی سے نکاح ہوا۔نکاح خواں مفتی سعید کے مطابق انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا دو مرتبہ نکاح پڑھایا۔نکاح خواں کے مطابق پہلا نکاح 1 جنوری 2018 کو پڑھایا گیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ نکاح خواں کے مطابق دوسرا نکاح فروری میں پڑھایا گیا۔جنوری میں نکاح کے بعد بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی عدت میں ہیں۔نکاح خواں کو عدت والی بات گواہ عون چوہدری کی موجودگی میں بتائی گئی۔درخواست گزار کے مطابق پہلا نکاح لاہور جبکہ دوسرا نکاح اسلام آباد میں ہوا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ پہلے نکاح کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ایک ساتھ بنی گالا میں رہنا شروع کردیا تھا۔عدت میں نکاح مبینہ طور پر جرم کا ارتکاب ہے۔ایک ساتھ بطور میاں بیوی رہنا مبینہ غیر قانونی نکاح کا نتیجہ ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ معاملہ عدالتی دائرہ اختیار میں آتا ہے کیونکہ بنی گالا اسلام آباد کی حدود میں ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 20 جولائی کو پیشی کیلئے نوٹس جاری کیے جائیں۔

More Stories
عام انتخابات 2024 : کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا نیا ریکارڈ قائم