عام انتخابات 2024 : کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا نیا ریکارڈ قائم

اسلام آباد: عام انتخابات 2024 کے لیے سیاسی حریفوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ 2013 اور2018 کے نسبت کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں نے حالیہ انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاریکارڈ بنا ڈالا۔ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں 7ہزار سے زیادہ کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ 2018 کے عام انتخابات میں 21ہزار 482، حالیہ عام انتخابات میں 28ہزار 626 کاغذات نامزددگی جمع ہوئے۔

دستاویز کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستو ں پر2018میں 5473امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فائل کیے جبکہ حالیہ انتخابات میں جنرل نشستوں پر الیکشن میں حصہ لینے کیلئے7713امیدوار سامنے آئے ۔ پنجاب اور اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات کیلئے2018کے الیکشن میں 2700امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ اس بار الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اسلا م آباد سے 208جبکہ پنجاب سے 3871امیدوار مدمقابل آئے۔ بلوچستان میں گزشتہ عام انتخابات میں 435امید واروں نے الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی فائل کیے جبکہ 8فروری 2024کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑنے کیلئے 631امیدوارسامنے آگئے۔

دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر ،2018میں992کاغذات نامزدگی فائل ہوئے جبکہ اس کے برعکس حالیہ عام انتخابات میں 1322 امیدوار الیکشن لڑنے کیلئے میدان میں آئے۔ سندھ میں2018میں1346 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فائل کیے جبکہ اس کے برعکس حالیہ انتخابات میں1681امیدوار مدمقابل آئے ۔

دستاویز کے مطابق قومی اسمبلی کی طرح صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر الیکشن میں گزشتہ دونوں عام انتخابات کے مقابلے میں زیا دہ امیدوار میدان میں اترے ، دستاویز کے مطابق 2018میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 6747 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے برعکس حالیہ الیکشن میں 9ہزار29،سندھ اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات کیلئے 3636کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے برعکس 4265نامنیشن پیپر فائل ہوئے ۔ دستاویز کے مطابق گزشتہ عام انتخابات میں بلوچستان میں1400امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فائل کیے جبکہ اس دفع بلوچستان اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن کیلئے 1788امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ جبکہ خیبر پختونخوا سے گزشتہ انتخابات میں 1920کاغذات نامزدگی کے برعکس 3464کاغذات نامزدگی فائل ہوئے۔

حالیہ عام انتخابات میں الیکشن کیساتھ سلیکشن کا پلڑا بھی بھاری رہا۔ جنرل نشستوں کے ساتھ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں بازی لے گئیں ۔ گزشتہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر436کاغذات نامزدگی فائل ہوئے جبکہ حالیہ الیکشن میں مخصوص نشستوں پر خواتین کی جانب سے 459کاغذات نامزدگی فائل کیے۔ اسی طرح صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے گزشتہ الیکشن میں خواتین کی جانب سے فائل کیے گئے 1255کاغذات نامزدگی کے برعکس اس دفعہ1365خواتین نے صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

More Stories
طالبان کی ذمے داری اپنے ملک کودہشتگردوں کی پناہ گاہ نہ بننے دیں، امریکہ