افغانستان ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق ادا نہیں کر دہا، خواجہ آصف

اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان نہ ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق ادا کر رہا ہے اور نہ ہی دوحہ معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں 50 سے 60 لاکھ افغان شہریوں کو 40 سے 50 سال سے حقوق کے ساتھ پناہ میسر ہے لیکن اس کے برعکس پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشتگردوں کو افغان سرزمین پر پناہ گاہیں میسر ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ لیکن اب یہ صورت حال مزید جاری نہیں رہ سکتی، پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائے گا۔ افغانستان نہ ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق ادا کر رہا ہے اور نہ ہی دوحہ معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے۔

گزشتہ روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےکوئٹہ گیریژن کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ فوج کو افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی محفوظ پناہ گاہوں اور آزادانہ دہشت گرد کارروائیوں پر شدید تحفظات ہیں۔

وزیرِ دفاع اور آرمی چیف کی جانب سے یہ بیانات گذشتہ دنوں ژوب چھاؤنی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں نو فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

سال 2020 میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت افغان طالبان نے اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ افغان سرزمین امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف استعمال نہیں ہو گی اور افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال بھی نہیں آنے دی جائے گی۔

More Stories
حکومت نے بجٹ میں مزید  215 ارب روپے عوام سے وصول کرنے کا آئی ایم ایف کا مطالبہ مان لیا