وزیراعظم نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

چشمہ : وزیراعظم شہبازشریف نے میانوالی میں چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چشمہ 5 جوہری توانائی منصوبہ بذات خود بہت بڑا سنگ میل، کامیابی کی زبردست کہانی اور دو عظیم دوستوں کے درمیان تعاون کی شاندار علامت ہے، صدر شی جن پنگ اور چینی حکومت کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چشمہ 5 نیوکلیئر منصوبہ دونوں ممالک کے باہمی تعاون کا عکاس ہے، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، ایسے منصوبوں کا افتتاح افواہیں پھیلانے والوں کو مؤثر جواب ہے۔ آئی ایم ایف کی منظوری سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین، سعودیہ عرب اور یواے ای کی معاونت کے مشکور ہیں، گزشتہ 4 ماہ میں چینی حکومت نے پاکستان کو معاشی دباؤ سے بچانے کیلئے متعدد اقدامات کئے، عظیم دوست کے مشکل وقت میں تعاون کو کبھی نہیں بھولیں گے، چشمہ 5 نیوکلیئر منصوبہ سستی توانائی کی پالیسی کا تسلسل ہے۔جوہری توانائی کا منصوبہ ماحول دوست ہوگا، جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی نے بھی منصوبے کو محفوظ قراردیا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر وزیر توانائی خرم دستگیر، احسن اقبال اور چینی حکام وزیراعظم کے ہمراہ تھے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، سی 5 بجلی گھر کے قیام سے بجلی کے شارٹ فال میں 1200 میگا واٹ کی کمی ہوگی۔

چشمہ 5 کے معاہدے پر 2017 میں دستخط ہوئے، منصوبہ گزشتہ 5 برس التوا کا شکار رہا، وزیراعظم کی کاوشوں سے لاگت میں کمی، استعداد 1100 سے بڑھا کر 1200 میگا واٹ کر دی گئی۔

وزیراعظم کے کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے ویژن کے تحت منصوبے پر کام دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔

More Stories
عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری ، سپریم کورٹ کا فیصلہ جاری