اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نگران حکومت قانون کے مطابق 60 سے 90 روز میں انتخابات کروا دے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ نگران وزیراعظم کون ہو گا تاہم نگران حکومت حکومت 60 سے 90 روز میں انتخابات کروا دے گی۔ نگران حکومت جو بھی قانونی آپشن اپنائے گی اس کے مطابق انتخابات ہوں گے تاہم الیکشن 90 دن سے آگے نہیں جائیں گے۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جتنا ریلیف عدلیہ سے ملا، آج تک کسی کو نہیں ملا۔ جب ریلیف بلینک چیک کی طرح دیا جائے تو سوال تو اٹھتا ہے۔ اسرائیل کا ایجنڈا چیئرمین پی ٹی آئی پورا کررہے ہیں اور اسرائیل کو فکر ہے پاکستان میں ان کا ایجنڈا روکا جارہا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سال سوا سال سے چیئرمین پی ٹی آئی پراکسی وار کررہے ہیں۔ یہ اپنے لوگوں سے اداروں کا ردعمل جانچنے کے لیے ٹویٹ کراتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان غیر مستحکم رہے۔ انھوں نے صرف دفاعی اداروں کو ہدف بنایا ہوا ہے اور 9 مئی کو دفاعی اداروں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔