پبلک اکاونٹس کمیٹی نے حاجیوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد : پبلک اکاونٹس کمیٹی نے حج میں پاکستانی حاجیوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لے لیا ہے۔ چیئرمین نورعالم نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 1700 لوگ مفت حج پرگئے، ایس ایس پی اورایڈیشنل سیکرٹری نےحجاج کی کیا خدمت کی ہوگی؟ رواں سال رہائش ، ٹرانسپورٹ اور کھانے کے مسائل تھے، حجاج رو رہے تھے،سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔

چیئرمین نورعلم خان کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزارتی مذہبی امورنے سال 2022 میں مفت حج کرنے والوں کی تفصیل فراہم کیں، سیکریٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ حج سال 2022 کیلئے کل 1 ہزار 790 معاونین گئے ، وزارتوں کے معاونین میں سے چالیس فیصد کی رقم ادا کی گئی، باقی کی نہیں آئی۔

چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ پولیس کے ایس ایس پی اورایڈیشنل سیکرٹری نےحجاج کی کیاخدمت کی ہوگی؟معاونین کے نام پرمفت حج کرنے والوں کی فہرست کوپبلک کیا جائے گا۔

سیکرٹری مذہبی امورنے کمیٹی کو بتایا کہ سرکاری ملازمین کو محکمے کی جانب سے ٹی اے ڈی بھی دیا جاتا ہے،چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نے حالیہ حج  کے دوران  پاکستانی حاجیوں کوپیش آنے والی مشکلات کا نوٹس لیتے کہا کہ وزیر مذہبی امور سعودی عرب میں موجود تھے اس کے باوجود پاکستانی حاجی وہاں رو رہے تھے۔

چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نورعالم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حج ختم ہونے کے باوجود ایڈیشنل سیکرٹری عطاالرحمن ،ڈی جی حج سمیت دیگرعملہ ابھی تک واپس نہیں آئے۔

More Stories
9  مئی کے ذمہ داران کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہی ہونا چاہیے، استحکام پاکستان پارٹی