پاکستانی برآمدات کیلئے یورپی منڈیوں میں ترجیجی رسائی برقرار رہے گی، یورپی یونین سفیر

اسلام آباد : پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمدات کیلئے یورپی منڈیوں میں ترجیجی رسائی برقرار رہے گی، پاکستان تاحال یورپی مارکیٹ تک ترجیحی رسائی سے مستفید ہوتا رہے گا، اسٹیٹس کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی ذمہ داریاں بھی وہی رہیں گی، یورپی یونین صورتحال پر نظر رکھے گی۔

پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی برقرار رہے گا، جی ایس پی ریگولیشن میں مجوزہ توسیع کا مطلب ہے کہ، فی الحال پاکستان کے لیے کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا ہے، جب جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کا وقت آیا اس وقت جی ایس پی پلس والے دیگر سات ملکوں کیلئے بھی توسیع کا وقت ہوگا۔

یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ یورپی یونین مانیٹرنگ کمیشن کی تازہ رپورٹ جلد آنے والی ہے، اپنی رپورٹ یورپی پارلیمنٹ اور ممبر اسٹیٹس کو پیش کریں گے، گزشتہ مانیٹرنگ رپورٹس کی روشنی میں کچھ شعبے ایسے ہیں جہاں یورپی یونین بہتری دیکھنا چاہے گی، آزادی اظہار رائے، میڈیا کی آزادی اور خواتین کے حقوق سے متعلق بہتری دیکھنا چاہیں گے، اقلیتوں اور لیبر سے متعلق بھی بہتری دیکھنا چاہیں گے، نو مئی کے بعد پی ٹی آئی اور حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن یقیناً وہ چیز ہے جس پر یورپی یونین کی نظر ہے، اس بات سے بھی بخوبی واقف ہیں کہ بین الاقوامی این جی اوز اور ماہرین بھی اس صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، ملزمان کے فوجی عدالتوں اور انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں ٹرائل سے متعلق بھی صورتحال کو بلخصوص دیکھ رہے ہیں۔

یورپی یونین کی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم یہ بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس مسئلہ پر پاکستان کے اندر ایک جاندار بحث جاری ہے۔ پاکستان بین الاقوامی شہری اور سیاسی حقوق عہد کا ایک ریاستی فریق ہے، عہد کے مطابق پاکستان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ہر شخص کو منصفانہ اور عوامی ٹرائل کا حق حاصل ہے، اس کے مطابق ٹرائل ایسی عدالت میں ہو گا جو آزاد اور غیر جانبدار ہو، اس کے مطابق ملزم مناسب اور موثر قانونی نمائندگی کا حق بھی رکھتا ہے۔

More Stories
افغانستان سے دوبارہ حملہ ہوا تو موثر جواب دیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر