ڈاکٹروں کی تنظیم "اپنا” پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط  پل کا کردار ادا کر رہی ہے، مسعود خان

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی  نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم  "اپنا”  پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط  پل ہے۔ یہ تنظیم  ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی  ہے۔

پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم "اپنا” کے  46ویں سالانہ سمر کنونشن کے موقع پر سفیر مسعود خان نے  اپنی ٹویٹس میں تنظیم کو کئی دہائیوں پر محیط  شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر  اپنا کی قیادت بشمول صدر ڈاکٹر ارشد ریحان، سابق صدور اور تنظیم کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے مسعود خان نے اپنا   کو انسانیت کے لیے خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم ، صحت اور سماجی ترقی کے حوالے سے اپنا کی خدمات بے مثال ہیں۔ ہم آپ کی کارکردگی اور کامیابیوں پر نازاں ہیں۔ وبائی امراض سے لیکر تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے متاثرہ افراد کو ریلیف پہچانے میں اپنا ہمیشہ صف اول میں رہی ہے۔ تنظیم نے  انسانی  خدمت کے  ضمن میں ہمیشہ   غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکل  کی ہر گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کی ثابت قدمی سے مدد کی ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے لوگ سیلاب اور کوویڈ 19 کے دوران   اپنا  کی بروقت اور موثر  امدادی سرگرمیوں  کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ چھ روزہ سالانہ کنونشن  پیشہ ور افراد اورسمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ مختلف  شعبہ جات میں علم اور مہارت کو شئیر کرنے کے علاوہ  یہ کنوینشن   شرکاء کے درمیان بامعنی روابط کو فروغ دیتا ہے۔سفیر مسعود خان کو بھی کنونشن میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

More Stories
پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل 1 منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے پاگئے