توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنت گرفتاری جاری

توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنت گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ فواد چودھری پر ایک ہی الزام پر دو جگہوں پر کارروائی ہو سکتی ہے یا نہیں ؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔ فواد چودھری کے معاون وکیل نے کیس ہائیکورٹ میں ہونے کے باعث ملتوی کرنے کی استدعا کی تو اسلام آباد پولیس کے اہلکار نے بتایا کہ میں فواد چودھری کے وارنٹس کی تعمیل کے لئے ان کی رہائشگاہ گیا، فواد چودھری کے بھائی فیصل چوہدری ملے اور کہا فواد چودھری کیخلاف سیاسی مقدمات ہیں وہ ہمیں بھی نہیں ملے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چودھری نہ خود کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور نہ ہی استثنیٰ کی درخواست دی ہے، کمیشن نے معاون وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار ی کر دیئے،آئندہ سماعت 20 جولائی کو ہوگی۔

دوسری جانب چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس کیخلاف فواد چودھری کی درخواست پر سماعت کی، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایک ہی معاملے پر ایف آئی آر ہوچکی ہے تو توہین کمیشن پر کارروائی کیسے؟ ایک جرم پر ایک ہی سزا  ہوسکتی ہے نہ ، میں نے اس معاملے کو کوزے میں بند کردیا ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ درخواست میں یہ بھی ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن شوکاز نوٹس جاری نہیں کر سکتا، جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ میں قانونی نکتے پر دلائل کا کہہ رہا ہوں اور آپ کہانی بابا آدم سے شروع کر رہے ہیں، عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوط کرلیا۔

 

More Stories
انتخابات کی تیاریاں تکمیل کے مراحل میں، پریزائیڈنگ افسران کو خصوصی ہدایات جاری