وزیراعظم اور آرمی چیف نے عید کا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارہ

شہبازشریف اور جنرل عاصم منیر کا افغانستان کے سرحدی علاقے پارہ چنار کا دورہ، عید کی نماز جوانوں کے ساتھ پڑھی، امن تباہ کرنے والوں کےلئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عید کا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔وزیراعظم شہبازشریف ، وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار،  وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ جمعرات کی صبح پاکستان اور افغانستان کے سرحد ی مقام پارہ چنارپہنچے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور  چیف آف آرمی اسٹاف نے عید کی نماز فوج کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ ادا کی اور انہیں عید کی مبارک پیش کی۔وزیراعظم نے فوج کے اعلیٰ جذبے، عسکری تیاری اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔

جوانوں اور افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ آج میں عید کا دن آپ کے ساتھ گزار  رہا ہوں تاکہ مادروطن کی سرحدوں کی جرأت و بہادری سے حفاظت کرنے والے اپنے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اورجذبوں کو خراج تحسین پیش کروں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسر اور جوان اپنے ذاتی آرام اور سکون کو چھوڑ کر وطن عزیز کے تحفظ، دفاع اور سلامتی کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں، موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں اور ہر طرح کی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرکے مادر وطن کی سرحدوں کا پہرہ دیتے ہیں جس پر قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔

فوجی جوانوں سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ عید سمیت خوشیوں کے تہوار ہوں یا کوئی غم کا موقع ہو، افسر اور جوان انفرادی اور اجتماعی طورپر وطن کی حفاظت کے فرض کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہم آپ کے اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آج میں آرمی، ائیر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پوری قوم خاص طورپر افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کو عید کی مبارک پیش کی۔ وزیراعظم نے عزم کا اعادہ کیا کہ امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کیلئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے، پاکستانی قوم کی پاکستانیت نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنادیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کیلئے قوم میں تقسیم اور  دراڑپیدا کرنا چاہتے تھے۔ شہدا پاکستان اور قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ اُن کی عزت وحرمت ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے۔

وزیراعظم نے شہداءکی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ قبل ازیں پارہ چنار آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کمانڈر  11 کور کے علاوہ صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر موجود تھے۔

More Stories
حکومت اور آئی ایم ایف معاہدے کے مجموعی مقاصد کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف