امریکہ،بھارت مشترکہ بیان گمراہ کن اور یکطرفہ ہے، پاکستان

امریکہ بھارت مشترکہ بیان پر میڈیا کے سوالات پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے مشترکہ بیان میں پاکستان کے حوالے سے مخصوص حوالہ کو غیر ضروری، یک طرفہ اور گمراہ کن سمجھتے ہیں۔یہ حوالہ سفارتی اصولوں کے منافی ہے اور اس کی سیاسی اہمیت ہے۔ہم حیران ہیں کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف قریبی تعاون کے باوجود اسے شامل کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج نے ایک مثال قائم کی ہے۔پاکستان کے عوام اس جنگ میں اصل ہیرو ہیں۔عالمی برادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو بار بار تسلیم کیا ہے۔آج ہم یہ دیکھنے میں ناکام رہے کہ مشترکہ بیان میں کیے گئے دعوے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بین الاقوامی عزم کو کس طرح مضبوط کر سکتے ہیں۔

ترجمان  دفتر خارجہ کے مطابق دہشت گردی کا ریاستی سرپرست ہونے کے علاوہ، بھارت عادتاً دہشت گردی کی بوگی کا استعمال کرتا ہے۔بھارت کا مقصد غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں وحشیانہ جبر، اور اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک سے توجہ ہٹانا ہے۔پاکستان اور اس کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں کسی قسم کے الزامات لگانا بالکل غلط ہے۔ستم ظریفی یہ ہے کہ مشترکہ بیان خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کے کلیدی ذرائع کو حل کرنے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لینے میں ناکام ہے۔یہ بیان بین الاقوامی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کے مترادف ہے۔یک طرفہ موقف کی توثیق سے گریز کیا جائے۔

More Stories
حکومت اور آئی ایم ایف معاہدے کے مجموعی مقاصد کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف