ن لیگ کو دھوکہ نہیں دوں گا،کرکٹرکومیثاق معیشت کا کہا تھا، آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے کسی کو دھوکا نہیں دیا اور مسلم لیگ کو بھی دھوکا نہیں دوں گا۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے رہنما گوہر اعجاز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا مجھے ابھی پتا نہیں کہ آئی ایم ایف ہمیں پیسے دیتا ہے یا نہیں دیتا لیکن میرے خیال سے 2 ارب ڈالر کی چینی ہے اس کو ایکسپورٹ کیا جائے۔میں اپنے نظریات اور کاروباری پالیسی سے پیسے کماتا ہوں، کسی بھارتی نے کہا کہ زرداری صاحب نے 100 بلین ڈالر کا بھنڈ مارا ہے، یہ ہم کرکے دکھائیں گے بھنڈ نہیں ماریں گے، میں صنعت کے ساتھ کھڑا ہوں۔ان کا کہنا تھا سعودی عرب اور ایران اکٹھے ہو رہے ہیں، ایران سعودیہ تعلقات بہتر ہونے کے بعد ایران سے گیس پائپ لائن میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، ہم سب مل کر اکٹھے پاکستان کے لیے اس کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

سابق صدر کا کہنا تھا آبادی کے اضافے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں، ہمیں کمپیوٹرز کے ذریعے طالب علموں کا ٹیسٹ لینا چاہیے، تعلیم کے نظام کو بدلنا ہو گا تاکہ بہتر نوجوان سامنے آئیں۔پاکستان کو امیر بنانے کا فارمولا پاکستان کی صنعت کو آگے بڑھانے میں ہے، اگر ہم سندھ میں پڑی بنجر زمین کو آباد کر دیں تو آپ وہاں مزید صنعت لگا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کی 70 فیصد ٹیکسٹائل برآمدات بھارتی ساختہ ہوتی ہیں، بنگلا دیش میں بھارتی ٹیکسٹائل مصنوعات پر میڈ ان بنگلا دیش کا ٹیگ لگتا ہے۔ہم غریب نہیں امیر ملک ہیں، جو پاکستان کو غریب ملک سمجھتے ہیں وہ احمق ہیں، یہ بات اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی تو میں کیا کروں؟ عدم تحفظ کی وجہ سے پاکستانی بیرون ملک سرمایہ کاری کر رہے ہیں، میں میثاق معیشت پر بات کرنے اور دستخط کرنے کے لیے تیار ہوں، صرف میری فیملی اور کچھ سیاسی خاندانوں کے امیر ہونے سے کچھ نہیں ہو گا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا میں نے کرکٹر کو دوسرے دن ہی کہا تھا کہ میں میثاق معیشت کے لیے تیار ہوں، کرکٹر سے یہ بھی کہا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ تم میرے ساتھ کیا کرتے ہو، رونا دھونا صرف اس بات ہے کہ مزید نوٹ نہیں بن رہے۔سیاست پر بات کرنی ہو تو بلاول ہاؤس آجانا، میں ٹیکسٹائل پر بات کرنے آیا ہوں۔میں نے کسی کو دھوکا نہیں دیا، مسلم لیگ ن کو دھوکا نہیں دوں گا۔

More Stories
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما کیوں آزاد الیکشن لڑنا چاہتے ہیں؟