سپریم کورٹ کا 9 رکنی بینچ ٹوٹ گیا، نتائج آج یا کل سامنے آجائیں گے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملٹری کورٹس میں ٹرائل سے متعلق درخواست پر سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا ہے، اس کے نتائج آج یا کل سامنے آجائیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کا معاملہ عدالت عظمیٰ لے جایا گیا ہے، سابق دور حکومت میں 24 سے 25 لوگوں کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔ جن لوگوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہے ان کے سیاسی مفادات ہیں، درخواست گزاروں کے اپنی، اپنی جماعتوں کے ساتھ تحفظات ہیں، سپیکر صاحب آپ بھی ان کو اچھی طرح جانتے ہیں جن لوگوں کے خلاف ملٹری کورٹس میں ٹرائلز ہو رہے ہیں، ان جیسے جرائم ہماری تاریخ میں نہیں ملتے، ریاست ایسے جرائم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شہیدوں کی نشانیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا وہ سب نے دیکھا، ایک شہید کے جسد خاکی کو تو ہمارے دشمن نے بھی عزت کے ساتھ ہمارے حوالے کیا تھا مگر ان لوگوں نے اس شہید کے مجسمے کے ساتھ کیا سلوک کیا، سیاسی مقاصد کیلئے ملک کی عزت اور وقار کو داؤ پر نہ لگائیں۔ آپ لوگ جا رہے ہیں کوئی ورثہ چھوڑ جائیں تاکہ لوگ آپ کو اچھے الفاظ میں یاد کریں، جو ہمارے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں وہ ہمارے محسن ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میں ایوان سے اپیل کرتا ہوں اپنی عزت کا تحفظ کریں، اس ایوان سے یہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم اپنی عزت و تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

More Stories
مارشل لا لگا تو مداخلت کریں گے:چیف جسٹس،فوجی عدالتوں میں ٹرائل پرحکم امتناع کی استدعا مسترد