وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس: جے آئی ٹی نے عمران خان کو طلب کر لیا

سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں قائم جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 26 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔ جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم نے ضابطہ فوجداری کی شق 160کے تحت عمران خان کو نوٹس جاری کیا ہے،نوٹس لاہور پولیس کے زریعے وصول کروایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا سکتے ہیں اور اپنی بے گناہی سے متعلق شواہد فراہم کر سکتے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان پر سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔ بلوچستان حکومت نے سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جو واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ نے عمران خان کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

More Stories
سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کا جلسہ: نوازشریف کا نوجوانوں کو 20،20 سال کے قرضے دینے کا اعلان