رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وفاق، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی، دعوے سے کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی کی 170 نشستوں پر برتری حاصل ہے، لیکن پاکستان تحریک انصاف کی جیتی ہوئی سیٹوں پر ان کو ہرایا جا رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے سیکرٹری اطلاعت رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی ڈیموکریٹک ہسٹری کا اہم دن ہے، کچھ حقائق آپ کے سامنے رکھیں گے، ہم 3 پیٹیشنز سپریم کورٹ لے گئے اور 7 پیٹیشنز ہائیکورٹ لے گئے کہ الیکشن 90 دن کے اندر ہوں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے اس مینڈیٹ کو دبایا جاتا رہا، لیکن بالاخر سپریم کورٹ کی دخل اندازی کرنے پر الیکشن کی تاریخ دے دی گئی، اور ہمیں یہ یقین دلایا گیا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی۔ پھر سب نے دیکھا کہ پہلے ہم سے بلا لے لیا گیا، اور پھر ہمارے خلاف مقدمے درج ہوتے رہے۔
’جیل سے خان صاحب کا بیان پہنچتا رہا، خان صاحب نے کہا تھا کہ ہم غلامی قبول نہیں کریں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ بالاخر الیکشن ہوگئے، الیکشن پرامن ہوئے، ووٹنگ کا عمل 5 بجے مکمل ہو گیا تھا، لیکن الیکشن کمیشن پہلے ہی اپنے آئینی اور قانونی فریضے کو نبھانے میں ناکام ہو چکا تھا، آخری مرحلے میں بھی الیکشن کمیشن فیل ہو گیا۔
’سارا پروسس انہوں نے کروایا اور اس کی وجہ سے فیصلہ تاخیر کا شکار ہوا‘۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جیتی ہوئی سیٹوں پر ہرایا گیا، ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو 170 نشستوں پر برتری حاصل ہو گئی ہے، لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق 94 ہیں۔ جبکہ خیبرپختونخوا میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت آچکی ہے۔
’میری تمام کارکنان سے درخواست ہے کہ آپ احتجاج کریں اور پرامن احتجاج کریں، آپ کے پاس پاکستان کے جھنڈے ہونے چاہیے، اگر یہ 12 بجے تک رزلٹ جاری نہیں کرتے تو ہم اس پر احتجاج کریں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی حکومت بنائیں گے، یہ پہلی بار ہو گا کہ پاکستان کی عوام نے لیڈر شپ کے جیلوں میں ہوتے ہوئے بھی انہیں جتایا ہے، اکثریت پاکستان تحریک انصاف کے ہی پاس ہے۔
’پاکستان تحریک انصاف وفاق، پنجاب اور کے پی کے میں حکومت بنائے گی، ہم تقریباً اکثریت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں‘۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ گزارش کرتا ہوں الیکشن کمیشن اور پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ سے کہ جمہوریت کا حسن یہی ہوتا ہے، لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندے کو منتخب کرتے ہیں، عوام نے بائیکاٹ نہ کرتے ہوئے اپنی رائے کا استعمال کیا ہے۔ عوام کی آواز کو دبانا اور اپنی مرضی کی حکومت بنانا اکانومی برداشت نہیں کرسکے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے لیے کوئی رکاوٹ حائل نہ کی جائے اور رزلٹ جلد سے جلد جاری کیے جائیں، قانون کے مطابق فارم 45 سے حتمی نتیجہ اخذ کیا جاتا ہے، ہمارے پاس تمام رزلٹ آ چکے ہیں، الیکشن کمیشن بھی نتائج کا آج 12 بجے سے پہلے پہلے اعلان کرے۔