ابھی حکومت سازی پر نہیں صرف مُلک کو درپیش چیلنجز پر بات ہوئی ہے، ایم کیو ایم

لاہور : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اس وقت میڈیا پر پاکستان مُسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت سازی سے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت سازی سے متعلق تو کوئی بات نہیں ہوئی ہاں اگر بات ہوئی ہے تو مُلک کو درپیش مسائل اور خطرات سے نمٹنے کے لیے بات ضرور ہوئی ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما حالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ مُلک میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات نے ایک چیلنجنگ صورتحال پیدا کر دی ہے، جس کے بعد مُلک کو بچانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
خالد مقبول صدیق کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت مُلک کو جن مسائل کا سامنا ہے ایسے میں سب کو اپنی سیاست اور مفاد کو ایک جانب رکھ کر مُلک کو بچانے کی ضرورت ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے ایک مرتبہ پھر ایم کیو ایم پاکستان کی سیاسی پوزیشن کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی سے متعلق کوئی اتفاق نہیں ہوا صرف مُلک کو درپیش چیلنجز اور مُلک کو ان سے نکالنے سے متعلق بات ہوئی ہے، اس وقت سیاسی جماعتوں میں تصادم مُلک کو مزید مسائل میں دھکیل دے گا۔

More Stories
میرا اولین کام چیئرمین پی سی بی کا الیکشن کروانا ہے، قائم مقام چیئرمین شاہ خاور