ہم بروقت اور عوامی مرضی کے عکاس مکمل نتائج کے منتظر ہیں، امریکہ

اسلام آباد : پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا بیان امریکی سفارتخانہ نے جاری کر دیا ہے۔

ترجمان امریکی سفارتخانے کے مطابق  ہم پاکستان میں پولنگ ورکرز، سول سوسائٹی، صحافیوں اور انتخابی مبصرین کو جمہوری اور انتخابی اداروں کے تحفظ اور برقرار رکھنے کے لیے ان کے کام کو سراہتے ہیں۔اب ہم بروقت اور عوامی مرضی کے عکاس مکمل نتائج کے منتظر ہیں۔

ترجمان امریکی سفارتخانے نے کہا کہ ہم معتبر بین الاقوامی اور مقامی انتخابی مبصرین کے ساتھ ان کے جائزے میں شامل ہوتے ہیں کہ ان انتخابات میں اظہار رائے کی آزادی، انجمن اور پرامن اجتماع پر غیر ضروری پابندیاں شامل ہیں،ہم انتخابی تشدد، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے استعمال پر پابندیوں، بشمول میڈیا ورکرز پر حملے، اور انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز تک رسائی پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں،انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات پر فکر مند ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مداخلت یا دھوکہ دہی کے دعووں کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے، ہمارے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے، سیاسی جماعت سے قطع نظر، اگلی پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے،ہم تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو سہارا دے کر اپنی شراکت داری کو تقویت دینے کے منتظر ہیں،ہم پاکستان کے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، گرین الائنس فریم ورک اور آزادی اظہار سمیت انسانی حقوق کو فروغ دینے میں مدد جاری رکھیں گے۔

ترجمان امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے اور تحفظ اور سلامتی کا ایسا ماحول بنانے کے لیے بھی پرعزم ہیں جو پاکستانی عوام کو وہ امن، جمہوریت اور ترقی دے جس کے وہ حقدار ہیں۔

More Stories
نگران وزیراعظم کا تقرر : مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پانچ ناموں پراتفاق