رونالڈو کی ٹیم النصر نے میسی کی ٹیم انٹرمیامی کو 0-6 سے شکست دے دی

پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے انٹرمیامی اور النصر کے درمیان ہونے والے میچ کے آغاز سے ہی سعودی کلب نے جارحانہ کھیل اپنایا۔

اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ٹیم انٹرمیامی کو شکست دے کر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم النصر نے دوستانہ میچ جیت لیا ہے، سعودی عرب کے شہر ریاض کے کنگڈم ایرینا اسٹیڈیم میں امریکی کلب انٹرمیامی اور سعودی عرب کے النصر کلب کے درمیان دوستانہ میچ کھیلا گیا، لیکن سعودی شائقین کی اپنی سرزمین پر لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کو ایک ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی۔

النصر کے کوچ لیوئس کاسترو کا غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو پنڈلی میں درد اٹھا تھا اور اب وہ ریکوری سے گزر رہے ہیں اسی لیے وہ میچ نہیں کھیل سکے، میچ میں رونالڈو اور میسی کا ٹاکرا نہ ہونے پر شائقین خاصے مایوس نظر آئے۔

پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے انٹرمیامی اور النصر کے درمیان ہونے والے میچ کے آغاز سے ہی سعودی کلب نے جارحانہ کھیل اپنایا، میچ کے 3 ویں منٹ میں النصر کے اوٹاویو نے پہلا گول کر کے برتری ثابت کر دی جبکہ 10 ویں منٹ میں تالیسکا اور 12 ویں منٹ ایمرک لاپورٹ نے گول کر کے میچ میں ٹیم کی گرفت مزید مضبوط کر دی، یوں میچ کا پہلا ہاف ختم ہونے پر انٹرمیامی کوئی گول نہ کر سکی۔

دوسرے ہاف میں بھی سعودی کلب النصر نے کھیلنے کا طریقہ نہ بدلا اور انٹرمیامی کی ٹیم پر تابڑ توڑ حملے جاری رکھے، 51 ویں منٹ میں تالیسکا نے اپنا دوسرا اور میچ کا چوتھا گول داغ کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا، میچ کے 68 ویں منٹ میں محمد ماران نے بھی گول کر کے ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، 5 منٹ بعد النصر کے تالیسکا نے ایک اور گول کر کے میچ 6 کے مقابلے میں صفر سے اپنے نام کر لیا۔

More Stories
حکومت نے بجٹ میں مزید  215 ارب روپے عوام سے وصول کرنے کا آئی ایم ایف کا مطالبہ مان لیا