امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے جاسوسوں کی آن لائن بھرتی شروع کردی

امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) نے جاسوسوں کی آن لائن بھرتی شروع کردی، جس کا مقصد روسی اہلکاروں کو بھرتی کرنا ہے جو ان کی سیاسی قیادت اور دیگر اشرافیہ سے ناراض ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ امریکی جاسوس ایجنسی کو روس کے اندر ممکنہ ذرائع سے رابطہ کرنے میں مدد کرنے میں کارگر ثابت ہوئی ہے۔

پیر کو واشنگٹن ڈی سی میں انٹرنیشنل اسپائے میوزیم میں خطاب کرتے ہوئے، سی آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیوڈ کوہن نے کہا کہ تازہ ترین ویڈیو بنیادی طور پر روس میں ان لوگوں کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جو حکومت سے مطمئن نہیں ہیں، اور روس کا بہتر مستقبل چاہتے ہیں۔ اگر یہ لوگ ہمارے لیے کام کرتے ہیں تو ہم انہیں ان کا مقصد حاصل کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

سی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ 2022 اور 2023 میں شروع کی گئی دو مہمات کی ویڈیوز کو ٹیلی گرام، فیس بک، انسٹاگرام اور ایکس سمیت متعدد آن لائن پلیٹ فارمز پر 20 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ سی آئی اے کے مشن اور تاریخ کے بارے میں جانیں، اس سلسلے میں ہم ذرائع سے براہ راست رابطہ قائم کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ویڈیوز کے نتیجے میں آؤٹ ریچ ہوئی ہے لیکن اس کے بارے میں اضافی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم تمام وڈیوز میں اداکار شامل تھے اور خیالی اکاؤنٹس کی تصویر کشی کی گئی تھی۔

دوسری جانب ولادی میر پیوتن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے منگل کے روز امریکی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیاں اکثر نئے ملازمین کی بھرتی کے لیے میڈیا اور سوشل نیٹ ورکس کا استعمال کرتی ہیں۔
دمتری پیسکوف نے ایکس جیسے بڑے امریکی پلیٹ فارمز پر ویڈیوز ڈالنے کو روس کے لیے بے اثر قرار دیا اور کہا کہ ان پلیٹ فارمز کی روس میں پابندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سی آئی اے کو بتائے کہ ہمارے ملک میں ایکس نہیں بلکہ اپنی بنائی ہوئی ایپس مشہور ہیں۔

واضح رہے امریکی ایجنسی کی یہ مہم ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین میں جنگ اپنے تیسرے سال میں داخل ہونے والی ہے، اور فرنٹ لائنز پر بہت کم تبدیلی رونما ہوئی ہے، جبکہ امریکی کانگریس میں سیاسی لڑائی کے دوران کیف کو امریکی فوجی امداد بھی روک دی گئی ہے۔

More Stories
اسلام آباد پولیس کے اہلکار نے دھوکہ دہی کے ذریعے شہری سے لاکھوں روپے لوٹ لئے