ملک بھر میں میوزک ہنٹ پروگرام اور فلم فنانس کونسل کا اجراء کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ اسکرین ٹوارزم کے ذریعے دنیا میں پاکستان کے اصل کلچر کو اسکرین کے ذریعے دکھایا جائے گا جس کے لیے فلم فنانس کونسل کا اجراء کیا گیا ہے تاکہ اسکرین ٹوارزم کے ذریعے پاکستان کا مثبت بیانیہ اجاگر کیا جائے۔ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ریڈیو پاکستان کے مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فلم فنانس کونسل کا اجراء کیا گیا ہے، ملک بھر میں میوزک ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے، نئے سینما گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، پرانے سینما گھروں پر شادی ہال اور پیٹرول پمپس تعمیر ہو چکے ہیں، ریڈیو اور دیگر ذرائع ابلاغ قومی ورثہ اور وقت کی اشد ضرورت ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کا مثبت بیانیہ اجاگر ہوگا،عوام کو سستی تفریح فراہم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،ملکی سینما ہائوسز مختلف وجوہات کی بناء پر پٹرول پمپس اور شادی ہالوں میں تبدیل ہو گئے،سینما ہائوسز کا مقصد نوجوانوں کو سستی تفریح فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت ذرائع ابلاغ کی ضرورت ہے، پاکستان تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں تمام اداروں کو بری طرح تباہ کیا، چار سال ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے، ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں سینما ہائوسز بنائے جائیں گے، نئی پالیسی کے تحت نوجوانوں کو فلم سازی میں مواقع ملیں گے، پاکستان کے دور دراز علاقوں میں میوزک ہنٹ پروگرام شروع کریں گے، 15 جولائی سے اس پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان، پنجاب، کے پی کے سے ٹیلنٹ کو پاکستان کے عوام تک پہنچایا جائے گا،فلم، ثقافت اور ورثہ کے ذریعے ہم پاکستان کے امیج کو بہتر کرسکتے ہیں۔

More Stories
چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی ایران کرکٹ کے سربراہ سے ملاقات،کرکٹ کے فروغ کی درخواست