بلاول بھٹو نے نواز شریف کا راستہ روکنے کے لیے پی ٹی آئی ووٹرز سے مدد مانگ لی

گجرات : بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان اپنا غصہ ضائع نہ جانے دیں، میرا ساتھ دیں مل کر نواز شریف کا راستہ روکیں گے۔ ایک حکمت عملی کے تحت ووٹ دیں اور بس یہ سمجھ لیں کہ انتخابات میں 2 ہی پارٹیاں ہیں، اس شیر کو ہم روکیں گے، کیونکہ سازش کو ناکام کرنے کا ایک ہی موقع ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کہتے تھے پیپلز پارٹی پنجاب میں موجود نہیں وہ یہاں آکر دیکھ لیں۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو مکمل طور پر جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی ہی پاکستان کو جمہوریت پسند ملک بنا سکتی ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے منشور سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ منشور پرعمل کرکے ملک کو خوشحال بنائیں گے، مزدوروں کے لیے مزدور کارڈ، کسانوں کو کسان کارڈ بنا کر دیں گے۔ کچی آبادیوں کو ریگولرائز کروائیں گے۔ نوجوانوں کے روزگار کے لیے ایک منصوبہ بنایا ہے، خواتین کو گھر کے مالکانہ حقوق دلوائیں گے اور ہر ضلع میں تعلیمی ادارے قائم کریں گے۔8 فروری کو تیر پر مہر لگائیں تمام وعدوں پر عمل ہوگا، ہم نے شیر کے شکار کا بندوبست کرنا ہے۔
سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ ن لیگ ضیا آئی جے والی ن لیگ ہے، یہ وہی پرانی ضیا والی ن لیگ ہے۔ ن لیگ کے کارکنان نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے لیے ظلم برداشت کیا ہے لیکن ان کی جماعت نے اپنا نظریہ چھوڑ دیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میرا ٹارگٹ بن چکا ہے کہ جو بھی سیاسی قیدی ہیں ان کو رہا کروں گا، میرے لیے حرام ہوگا کہ کسی کی بیٹی کو جیل میں ڈالوں گا۔

More Stories
عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری ، سپریم کورٹ کا فیصلہ جاری