پنجاب نواز شریف کے خلاف تنقید نہیں سنتا، مریم نواز

لاہور : چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ پنجاب نواز شریف کے خلاف تنقید نہیں سنتا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ نواز شریف کو پنجاب سے بہت پیار ہے، انہوں نے آج تک جو منشور دیا اس پر عمل بھی کیا۔ ایک شخص پنجاب آکر کہتا ہے کہ نواز شریف نے منشور نہیں دیا ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ نواز شریف ملک کی بہتری کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور جلد عوام کے سامنے پیش کر دیں گے۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے اپنے انتخابی حلقے این اے 119 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائیو بزرگوں میں جانتی ہوں اس حلقے میں گیس کی دستیابی، سیوریج اور ٹوٹی گلیوں کے مسائل ہیں، آپ کی بیٹی آپ کی خدمت میں سلام پیش کرتی ہے۔ این اے 119 میں پہلی بار قدم رکھا ہے۔ سوچا تھا کہ آپ سے اجازت لے کر الیکشن لڑوں گی مگر آج تو آپ نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ 2018 میں پورے پاکستان میں جس حلقہ کا انتخاب کیا تھا وہ بھی 119 ہی تھا مگر انہوں نے اٹھا کر نااہل کردیا، میرے پر واحد الزام تھا باپ کے ساتھ کیوں کھڑی ہو۔ لیکن میری خوشی ہے کہ میں نے اس حلقے کو علی پرویز ملک جیسا امیدوار دیا جس نے حلقے کی جی جان سے خدمت کی۔کچھ جماعتیں پنجاب میں ایسی بھی آئی ہیں جنہوں نے 15،15 سال حکومتیں کیں مگر گنوانے کے لیے منصوبے نہیں ہیں، لیکن جس صوبے نے نوازشریف کو منڈیٹ دیا اس صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے اور جن صوبوں نے منڈیٹ نہیں دیا ان صوبوں میں بھی کام ہوا ہے۔
مریم نواز نے حمزہ نامی مسلم لیگ ن کے ورکر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ گاڑی سے گر کر ناک کی ہڈی ٹوٹی، اس کی خیریت دریافت کرنے کے لیے فون کیا تو حمزہ نے کہاکہ میری تو نوازشریف پر جان بھی قربان ہے۔ انہوں نے اپنی بات کرتے ہوئے کہا کہ میری بھی جان چلی جاتی لیکن والد کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتی تھی، قدم سے قدم ملا کر چلی ہوں۔مجھے والد کا ساتھ دینے پر نا اہلی دی گئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کچھ جماعتیں پنجاب میں آئی ہیں جنہوں نے 15 سال اقتدار میں گزارے، وہ پنجاب پر تنقید کرتے ہیں لیکن پنجاب نوازشریف پر تنقید نہیں سنتا۔ ہمیں کبھی ایک سال تو کبھی 2 سال اور کبھی 3 سال حکومت ملی پھر بھی 1500 منصوبے گنوا سکتی ہوں جو نوازشریف نے لگائے، ان کو 15 سال اقتدار ملا لیکن یہ کوئی ایک منصوبہ نہیں گنوا سکتے ہیں۔نوازشریف بیٹھ کر بجلی و گیس کے بلوں کی ادائیگی پر لائحہ عمل بنا رہے ہیں ایک لمحہ ایسا نہیں جو عوامی منصوبہ پر کام نہیں کررہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کا دل بہت بڑا ہے جس جگہ عوام نے نوازشریف کو مینڈیٹ دیا وہاں اور جہاں مینڈیٹ نہیں دیا وہاں پر عوامی کام کیے۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب میاں محمد نواز شریف کے خلاف تنقید برداشت نہیں کرتا۔

More Stories
پی ٹی آئی کا 2 ہفتوں میں انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ