BOL News

پنجاب: نمونیہ سے ایک روز میں 8 ہلاکتیں، ڈینگی کے 19 نئے مریض سامنے آگئے

پنجاب میں نمونیہ اور ڈینگی کے مریضوں میں دن بدن اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، ایک ہی روز میں نمونیہ سے 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 799 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ نئے سال کے دوران پنجاب میں ابھی تک ڈینگی کے کُل 19 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں نمونیہ سے ایک ہی روز میں 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔ جبکہ لاہور میں ایک روز کے دوران 108 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب بھر میں رواں سال نمونیا سے 180 اموات اور 8 ہزار 542 کیسز سامنے آئے۔لاہور میں رواں سال نمونیہ سے 42 ہلاکتیں اور 1 ہزار 263 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب میں ڈینگی مریضوں کی صورتحال
سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا، نئے سال کے دوران پنجاب میں ابھی تک ڈینگی کے کُل 19 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ پنجاب کے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 5 مریض زیر علاج ہیں۔

علی جان خان کے مطابق لاہور کے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کا کوئی مریض زیرعلاج نہیں ہے، رواں ماہ کے دوران لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی کل تعداد 12 ہوگئی۔ رواں ماہ کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی کل تعداد 2 ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق رواں ماہ کے دوران فیصل آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی کل تعداد 2 ہے۔ سرگودھا، گجرات اور وہاڑی میں ابھی تک ڈینگی کا ایک ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ نے ڈینگی سے بچنے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لیے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔ ڈینگی بخار کے علاج، معلومات یا شکایات کے لیے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔

More Stories
میں اب آپ کی عدالت نہیں آؤں گا، توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ کا چیف جسٹس سے مکالمہ