مجھے نہ نکالاجاتا تو آج مانسہرہ میں ایئرپورٹ اور میٹروبس ہوتی، نواز شریف

مانسہرہ : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے کے لیے آیا ہوں،10 سال خیبر پختونخوا میں حکومت کرنے والوں نے کیا کام کیا؟ مجھے نہ نکالاجاتا تو آج مانسہرہ میں ایئرپورٹ اور میٹروبس ہوتی۔

مسلم لیگ ن نے مانسہرہ کے ٹھاکرہ اسٹیڈیم میں جلسے کا انعقاد کیا ، مسلم لیگ ن کی قائد نواز شریف نے جلسے سے خطاب میں مانسہرہ کے عظیم عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2013میں انتخابی جلسے کےلئے مانسہرہ آیا تھا، مانسہرہ میں سیاسی دورہ 10سال کے بعد ہورہا ہے، آپ سے 10سال ملاقات نہیں ہوئی میں زیادہ اداس ہوا۔

نواز شریف نے جلسے کی عوام سے کہا کہ ان لوگوں نے مجھے آپ سے کتنا دور کردیا، کبھی جیل میں ڈالا،کبھی مقدمات اور کبھی لندن جانا پڑا، مجھے ملک اور آپ کے حالات دیکھ کرخوشی نہیں ہورہی، میں آج یہاں وزیراعظم بننے نہیں آیا ، الیکشن لڑنے آیا ہوں۔مریم یہاں پر الیکشن لڑنے نہیں آئی مگر انہوں نے کہا مجھے مانسہرہ آپ کے ساتھ جانا ہے، 40 سال پہلے جو مانسہرہ دیکھا تھا آج بھی وہی ہے کچھ نہیں بدلا۔

سابقہ پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ کےپی میں 10سال جن کی حکومت رہی انہوں نے مانسہرہ میں کیا کام کیا، میں تو وزیراعظم تھا لیکن یہاں وزیراعلیٰ کوئی اور تھا، کیا نیا کے پی بنا، کیا نیا پاکستان بنا ، کیا کوئی تبدیلی آئی؟ اگر کسی نے کچھ بنایا ہے تو موٹروے جاکر دیکھیں نوازشریف نے کیا بنایا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ موٹروے اپنے ہاتھوں سے بنوائی جب تیار ہوئی تو میں جیل میں تھا، یہ موٹروے مانسہرہ تک آتی ہے اس پر سفر کرنے کا بڑا شوق ہے، صفدر سے پوچھا کہ یہ موٹروے پر اسلام آباد سے مانسہرہ کتنی دیرمیں پہنچتے ہیں، صفدر نے کہا تیز گاڑی چلاؤں تو1 گھنٹہ 20منٹ اورآرام سے آئیں تو 1 گھنٹہ 40 منٹ۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب موٹروےنہیں تھاتو5گھنٹوں میں اسلام آبادسےمانسہرہ پہنچتےتھے، کہاں ڈیڑھ گھنٹہ اور کہاں پانچ گھنٹے آپ نوازشریف کو دعائیں دیں ، اپنے ملک کےوزیراعظم کو یہ 5جج نہ نکالتے تو مانسہرہ خوبصورت اوریہاں ایئرپورٹ ہوتا، وزیراعظم کونہ نکالا جاتاتواسلام آباد سے مانسہرہ اور مظفرآباد تک خوبصورت ٹرین ہوتی۔میرا منصوبہ تھا مانسہرہ سے مظفرآباد اور منگلا ڈیم تک موٹروے ہوتی ، موٹروے کراچی تک بنانے کا منصوبہ تھا جو سکھر پر روک دیا گیا، پچھلی حکومت نے سکھر سے آگے موٹروے نہیں بنایا یہ کتنا بڑاظلم ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ میں نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا سستی بجلی فراہم کی، پاکستان میں جگہ جگہ میٹروبس اوراورنج لائن بنائی، ہماری حکومت کی مدت پوری کرنے دیتے تو اگلی حکومت بھی ہمیں ملنا تھی۔نوازشریف جب وزیراعظم تھا سبزیاں 10،10 روپے کلو ملتی تھی، پیٹرول 60 روپے لیٹر تھا، گھی سستا، چینی 50 روپے کلو تھی، پاکستان میں کوئی مہنگائی نہیں تھی، ظالموں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا ، پاکستان کو نیچے گرادیا،آج ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ گئے ، ڈالر 104روپے پر ہم نے روک رکھا تھا۔

نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ بدنصیب تحفہ گزشتہ حکومت نے آپ کو دیا ہے، نوازشریف توبہت عمدہ پاکستان چھوڑ کرگیا تھا، پاکستان کیساتھ بہت ظلم ہواہے لیکن پاکستان کودوبارہ پٹڑی پرلانا ہوگا، آپ لوگوں کوبھی حکومت کیساتھ کندھے سے کندھا جوڑنا ہوگا۔کے پی والو آپ بھی اس جھوٹےشخص کےجھانسے میں آگئے، مولانافضل الرحمان میرے بہت اچھے ساتھی ہیں، جب 2013میں وزیراعظم تھاتومولانافضل الرحمان پی ایم ہاؤس آئے، مولانافضل الرحمان نے کہا ہمارے پاس بھی ممبران کی اچھی تعداد ہے، ن لیگ اورہم ملکرکےپی میں حکومت بناسکتے ہیں تو میں نے کہا عددی اعتبار سے ان کی تعداد ہم سے 2،3سیٹیں زیادہ ہیں انک ا حق بنتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نےمولاناصاحب کوقائل کیاکہ ہمیں انکوموقع دیناچاہئے، انہوں نےاس صوبےکاکتنابراحال کیاپہلےسےبھی بگاڑ کر رکھ دیا ہے، اب صوبےکوسنوارنےکاموقع آیا ہے کے پی کو پاکستان کاخوبصورت صوبہ بنائیں گے۔ہماری حکومت آتی ہے تو مانسہرہ میں خوبصورت ایئرپورٹ بنے گا، اگرن لیگ کی حکومت بنی تو کراچی سے مانسہرہ تک ٹرین چلائیں گے، کراچی سےمانسہرہ اور مظفرآباد تک ٹرین جائے گی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ نےموقع دیاتوکالج،یونیورسٹی بنائیں گے، مانسہرہ کیلئے شوگران سے پانی لیکر آئیں گے ، انشااللہ گیس ، پیٹرول اور سبزیاں بھی سستی ملیں گی، نوجوانوں کے ہاتھوں میں کمپیوٹر میں خود دوں گا۔

More Stories
ضلع خیبر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں میجر عبداللہ شہید