پاکستان کو آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر کی قسط موصول

اسلام آباد : آئی ایم ایف کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہو گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کے ترجمان نے تصدیق کی کہ آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے گزشتہ ہفتے معاشی جائزے کی منظوری کے بعد 70 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

پاکستان کو جولائی 2023 میں ایک اعشاریہ 2 ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی تھی جس کے بعد سٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت پاکستان کو اب تک ایک اعشاریہ 9 ارب ڈالر کی رقم مل چکی ہے۔آخری اقتصادی جائزے کے بعد پاکستان کو مزید ایک اعشاریہ 1 ارب ڈالر ملیں گے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے پاکستان کے مرکزی بینک میں جمع دو ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کردی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ایک ارب ڈالر کے دو ڈیپازٹ جمع تھے جن کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔

مرکزی بینک میں ڈیپازٹ کی گئی اس دو ارب ڈالر رقم کی واپسی موجودہ سال جنوری کے مہینے میں کرنی تھی جس میں اب مزید ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔

واضح رہے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین کی جانب سے پاکستان کے مرکزی بینک میں ڈیپازٹ کیے گئے تھے تاکہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا دیا جا سکے۔

سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی مدت دسمبر 2023 میں ختم ہوئی تھی تاہم اس کی واپسی میں بھی ایک سال کی توسیع کر دی گئی تھی۔

پاکستان کی وزارت خزانہ نے گزشتہ دنوں ایک خط میں متحدہ عرب امارات سے دو ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کے لئے کہا تھا۔

More Stories
پاکستان سے کلاشنکوف کلچر کو ختم کرنا ہوگا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ