خیبر پختونخوا: گھر بیٹھے ڈومیسائل بنوانے کیلئے آن لائن نظام متعارف

پشاور : کے پی کے حکومت نے عوام کی سہولت کے پیش نظرصوبے کے مختلف اضلاع میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا آن لائن نظام متعارف کرادیا ہے۔

ای ڈومیسائل نظام کے تحت اب کوئی بھی شہری گھر بیٹھے موبائل یا کمپیوٹر پر ویب سائٹ cfc .kp.gov.pk پر جاکر ڈومیسائل کے لیے درخواست دے گا اور مطلوبہ دستاویزات منسلک کرے گا۔

درخواست گزار نادرا جاکر اپنے فنگر پرنٹس دے گا اور یوں حکومت کے پاس درخواست گزار کا ڈیٹا محفوظ ہوجائے گا۔صوبائی حکومت کو ویلیج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر شہریوں کے تمام کوائف دستیاب ہوں گے۔

صوبے کے مختلف اضلاع میں ناخواندہ لوگوں کے لیے حکومت کی طرف سے سینٹرز کھولے جائیں گے جہاں انہیں ای ڈومیسائل کے لیے اپلائی کرنے کا طریقہ کار سمجھایا جائے گا۔

مزید برآں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ڈومیسائل کو آن لائن کرنے کے بعد بتدریج اس کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا اور دو ماہ کے اندر ڈومیسائل کے اجرا کا پرانا طریقہ کار مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔

شہریوں نے گھر کی دہلیز پر ڈومیسائل ملنے کی سہولت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب زمینوں کے ریکارڈ اورڈومیسائل کے حصول کیلئے سندھ  بھرمیں بھی آن لائن سروس شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی معاونت سے صوبے میں زمینوں کے ریکارڈ اور ڈومیسائل کے حصول کے لیے آن لائن سروس کا آغاز کردیا ہے۔

سندھ کے شہری زمین کے فارم اورکھاتوں کی منتقلی کا فارم بورڈ آف ریونیوکی ویب سائٹ پر آن لائن بھر سکیں گے۔

آن لائن فیس ادائیگی کے بعد 3 دن میں مطلوبہ دستاویزات حاصل کی جا سکیں گی۔آن لائن نظام کے بعد شہریوں کو رجسٹرار دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔شہریوں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں ، مسائل میں کمی آئیگی۔

More Stories
امریکہ سے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں:شہباز،ہم بھی پرامید:ڈونلڈ بلوم