بلوچستان میں بھی پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

کوئٹہ : بلوچستان سے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سمیت پارٹی کے درجنوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔

قاسم خان سوری کوئٹہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر امیدوار تھے۔ تحریک انصاف بلوچستان کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عالم خان کاکڑ نے فون پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے قاسم خان سوری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی تصدیق کی ہے۔

سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا ہے کہ میرے سمیت پارٹی کے بلوچستان سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 80 فیصد سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔

قاسم سوری نے کہا کہ کوئٹہ سے جن دیگر رہنمائوں اور عہدیداروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں ان میں سالار خان کاکڑ، حاجی سیف اللہ، صفیہ کاکڑ، نور خان خلجی اور عنایت کاکڑ شامل ہیں۔

سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا تھا کہ ضلع کوئٹہ کی جس نشست سے میں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے وہاں سے نہ صرف میرے بلکہ پارٹی کے پانچ دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو بھی مسترد کیا گیا۔

قاسم سوری کا کہنا تھا کہ یہ بات ہر ایک کو معلوم ہے کہ تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں کے کاغذات نامزدگی کیوں مسترد کیے گئے ہیں۔اگر تحریک انصاف کے امیدوار میدان میں رہے تو لاڈلوں کی کامیابی ممکن نہیں ہو گی اس لیے پارٹی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔

More Stories
میڈیا کے ذریعے دھوپ اور روشنی عوام تک پہنچتی ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ