زلفی بخاری اور اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی مسترد

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔

پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے این اے 50 اٹک جبکہ اعظم سواتی نے این اے 15 مانسہرہ سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جو مسترد ہوگئے ہیں۔

پولیس نے زلفی بخاری کے تائید اور تجویز کنندا سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ تینوں وکلاء کی ٹیم کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر کے پاس گئےتھے۔ شیخ محمد علی، سید شکیل حسین  اور محمدادریس نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا گیا۔

سابق معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ میرے کاغذات نامزدگی جعلی دستخط کا اعتراض لگا کر مسترد کیے گئے ہیں۔زلفی بخاری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے وکلاء، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ سمیت 6 افراد کو اغوا کیا گیا۔

ادھر نوازشریف کے وکیل جہانگیر جدون نے مانسہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ میرٹ پر ہوا ہے، الیکشن لڑنے والے امیدوار کا ملک میں ہونا ضروری ہے۔ہم نے یہاں تک کہا کہ اعظم سواتی حاضر ہوجائیں اعتراضات واپس لے لیں گے۔

اعظم سواتی کے وکیل سہیل سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعظم خان سواتی کے کاغذات جعلی دستخط اور اشتہاری کے اعتراض پر مسترد کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ فیصلے کے خلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں گے۔

More Stories
سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے عدلیہ پر اثر انداز ہونے کا الزام مسترد کردیا