سینچورین ٹیسٹ: ربادا نے بھارتی سورماؤں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل فریڈم ٹرافی کا پہلا ٹیسٹ میچ آج سے سپر اسپورٹس پارک سینچورین میں شروع ہو چکا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کی طرح اس میچ کو بھی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا نام دیا گیا ہے۔

سینچورین میں میزبان جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت ہوا اور مضبوط بھارتی بیٹنگ جنوبی افریقہ کے تیز بولرز کے آگے لڑکھڑا گئی اور پہلے روز کے اختتام پر 208 رنز پر 8 کھلاڑی پویلین واپس چلے گئے۔

بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما 05 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اوپنر یشوی جیسوال 17، شبمن گل 2، ویرات کوہلی 38، شریاز ایئر 31، ایشون 8، شاردل ٹھاکر 24 جبکہ جسپریت بمراہ ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کے ایل راہول نے زمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 رنز بنا لیے ہیں جبکہ ان کاساتھ دینے کے لیے محمد سراج وکٹ پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کے بولرزنے نپی تلی لائن و لینتھ پر بولنگ کی اور بھارت بیٹرز کو وکٹ پر رکنے نہ دیا۔ کگیسو ربادا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ناندرے برگر نے 2 جبکہ مارکو جینسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے دن کے اختتام پر بھارت کا مجموعی اسکور 8 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز ہے۔ بارش کے باعث پہلے دن صرف 59 اوورز کا کھیل ہی مکمل ہو سکا۔

امپائرز کی جانب سے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ پہلے دن جو وقت ضائع ہوا ہے اس کو پورا کرنے کے لیے اس ٹیسٹ میچ کے اگلے 4 روز میں ہر دن 98 اوورز کھیلے جائیں گے۔

More Stories
آپریشن مرگ بر سرمچار : پاکستان کی ایران میں ’دہشتگردوں‘ کے ٹھکانوں پر کارروائی، متعدد ہلاکتوں کا دعویٰ